سرکاری اداروں میں اعلیٰ افسران کی ماہانہ تنخواہیں ڈیڑھ کروڑ روپے ہونے کا انکشاف

05-25-2026

(لاہورنیوز) وزارتِ خزانہ کی دستاویزات میں مختلف سرکاری و نیم سرکاری اداروں کے سربراہان کی بھاری ماہانہ تنخواہوں اور مراعات کا انکشاف ہوا ہے، جن میں بعض افسران کی تنخواہیں ایک کروڑ روپے سے بھی تجاوز کر گئی ہیں۔

  دستاویزات کے مطابق چیئرمین سکیورٹی ایکسچینج اینڈ کمیشن آف پاکستان کی ماہانہ تنخواہ ساڑھے 36 لاکھ روپے سے زائد ہیں، جبکہ چیئرمین سی سی پی کی تنخواہ 11 لاکھ روپے، صدر زرعی ترقیاتی بینک کی تنخواہ ساڑھے 54 لاکھ ہے۔ اسی طرح صدر ایگزم بینک کی ماہانہ تنخواہ 50 لاکھ اور صدر فرسٹ وومن بینک کی تنخواہ 22 لاکھ سے زائد ہے، پاکستان سنگل ونڈو کے سی ای او کو ماہانہ تنخواہ ساڑھے 26 لاکھ اور 89 ہزار الاؤنس ملتا ہے۔ دستاویزات کے مطابق پرال کے سی ای او کو ماہانہ 52 لاکھ روپے تنخواہ اور تنخواہ کا پندرہ فیصد الاؤنس ملتا ہے۔وزارتِ خزانہ کے مطابق گورنر سٹیٹ بینک کی تنخواہ چالیس لاکھ، جبکہ صدر نیشنل بینک کی تنخواہ 90 لاکھ روپے ہے، پاک کویت انویسٹمنٹ کمپنی ایم ڈی کی ماہانہ تنخواہ 1 کروڑ 53 لاکھ 78 ہزار روپے ہے۔ دستاویزات کے مطابق پاک اومان انویسٹمنٹ کمپنی ایم ڈی کی ماہانہ تنخواہ 1 کروڑ 28 لاکھ 84 ہزار روپے ہے، تاہم پاک ایران انویسٹمنٹ کمپنی کے ایم ڈی کی تنخواہ 97 لاکھ 16 ہزار روپے ماہانہ ہے۔ وزارتِ خزانہ کے مطابق پاک لیبیا ہولڈنگ کمپنی لمیٹڈ کے ایم ڈی کی تنخواہ 88 لاکھ 17 ہزار ماہانہ مقرر ہے، انویسٹمنٹ کمپنی لمیٹڈ کے سربراہان کو تنخواہوں کے علاوہ مراعات بھی مل رہی ہیں۔