پاکستانی سپن بولنگ کے چیلنج کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہیں: مچل مارش

05-25-2026

(ویب ڈیسک) مچل مارش کا کہنا ہے کہ پاکستانی سپن بولنگ کے چیلنج کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہیں۔

آسٹریلوی کپتان مچل مارش کا کہنا ہے کہ پاکستان آکر بہت لطف آتا ہے، موقع ملا تو پی ایس ایل کھیلنا پسند کروں گا، یہ پاکستان کا دوسرا دورہ ہے ، پاکستانی سپن بولنگ کے چیلنج کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہیں، سیریز ورلڈ کپ کی تیاری میں مدد دے گی۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز کے لئے پنڈی میں سکیورٹی کے کڑے انتظامات کئے جارہے ہیں ، پریکٹس سیشن کے دوران 3500 سے زائد پولیس افسران و اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں، سٹیڈیم اور اطراف کی اہم عمارتوں کی چھتوں پر سنائپرز بھی تعینات کیے گئے ہیں جبکہ سیف سٹی اور دیگر سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مسلسل مانیٹرنگ جاری ہے۔   تین میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز کیلئے آسٹریلین ٹیم کا دوسرا گروپ بھی پاکستان پہنچ گیا، کھلاڑیوں نے اتوار کی شام راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں بھر پور ٹریننگ کی۔ واضح رہے کہ دونوں ملکوں کی ٹیموں کے درمیان پہلا میچ 30 مئی کو راولپنڈی میں کھیلا جائے گا اور پاکستان نے اگلے 50اوورز کے عالمی کپ کو سامنے رکھتے ہوئے سیریز میں کچھ نئے چہروں کی نقاب کشائی کا فیصلہ کیا ہے۔