لاہور میں انسدادِ پولیو مہم کامیاب، مقررہ اہداف سے زائد کامیابی حاصل
05-25-2026
(لاہور نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے زیرو پولیو پنجاب وژن کے تحت لاہور میں انسدادِ پولیو مہم کامیابی سے مکمل کر لی گئی۔
صوبائی کوآرڈینیٹر عظمیٰ کاردار اور ڈپٹی کمشنر لاہور کی زیرِ صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں مہم کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں اے ڈی سی جی، سی ای او ہیلتھ، اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر آصف ارباب نے انسدادِ پولیو مہم کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مہم کے دوران مقررہ اہداف سے زائد کامیابی حاصل کی گئی جبکہ تمام انتظامی اہداف بھی کامیابی سے مکمل کیے گئے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ انسدادِ پولیو مہم کے دوران مہمان بچوں کی ویکسی نیشن بھی مکمل کی گئی اور پانچ سال سے کم عمر ہر بچے تک رسائی یقینی بنائی گئی، ویکسی نیشن کے عمل میں سو فیصد تعمیل کو یقینی بنایا گیا جبکہ عالمی ادارہ صحت کے مبصرین نے فیلڈ سٹاف کی مہارت اور کارکردگی کو بھی سراہا۔ صوبائی کوآرڈینیٹر عظمیٰ کاردار نے کہا کہ مریم نواز شریف کے زیرو پولیو پنجاب وژن کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا، بچوں کو مہلک بیماری سے بچانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے کہا کہ پانچ سال سے کم عمر ہر بچے کی ویکسی نیشن قومی فریضہ ہے اور پولیو سے پاک لاہور کے لیے شہریوں کا تعاون انتہائی ناگزیر ہے۔