پاکستانی نژاد برطانوی باکسر حمزہ شیراز عالمی چیمپئن بن گئے
05-25-2026
(ویب ڈیسک) پاکستانی نژاد برطانوی باکسر حمزہ شیراز نے عالمی چیمپئن بن کر کھیلوں کی دنیا میں ایک بار پھر پاکستان کا پرچم سربلند کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی نژاد برطانوی باکسر حمزہ شیراز نے ڈبلیو بی او سپر مڈل ویٹ عالمی ٹائٹل اپنے نام کر لیا، حمزہ شیراز نے جرمنی کے ایلم بیگچ کو دوسرے راؤنڈ میں ناک آؤٹ کرکے پہلی بار عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ حمزہ شیراز نے فائٹ کے آغاز سے ہی جارحانہ حکمت عملی اپنائے رکھی، ان کے تابڑ توڑ اور درست پنچز نے جرمن حریف کو بے بس کر دیا۔ حمزہ شیراز کے خطرناک لیفٹ ہک کے نتیجے میں جرمن باکسر رنگ میں سنبھل نہ سکے، ریفری نے مقابلہ فوری طور پر روک دیا۔ 26 سالہ حمزہ شیراز نے ریٹائرڈ ٹیرنس کرافورڈ کی خالی کردہ ڈبلیو بی او سپر مڈل ویٹ بیلٹ جیت کر تاریخ رقم کر دی۔ فتح کے بعد پاکستانی نژاد برطانوی باکسر حمزہ شیراز نے رنگ میں سجدہ شکر ادا کیا اور ٹیم کے ہمراہ کامیابی کا یادگار جشن بھی منایا۔ حمزہ شیراز نے اپنی شاندار فتح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ اس کامیابی کے بعد اب میں 168 پاؤنڈ کیٹیگری کے تمام عالمی باکسرز کا سامنا کرنے کیلئے مکمل طور پر تیار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میرے لئے یہ مقابلہ انتہائی آسان تھا، پہلا پنچ لگتے ہی حریف مکمل دباؤ میں آ گیا، میں نے اسے مسلسل پریشر میں رکھ کر شکست دے دی۔ حمزہ شیراز اس سے قبل ستمبر 2024 میں ٹائلر ڈینی کو شکست دے کر یورپی مڈل ویٹ ٹائٹل بھی اپنے نام کر چکے ہیں۔ پاکستانی سوشل میڈیا صارفین اور کھیلوں کے شائقین نے حمزہ شیراز کی تاریخی کامیابی کو پاکستان کیلئے باعثِ فخر قرار دے دیا۔