پولٹری مصنوعات مہنگی، برائلر اور انڈوں کی قیمتوں میں اضافہ

05-25-2026

(ویب ڈیسک) ملک میں پولٹری مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، برائلر گوشت اور زندہ مرغی کے نرخوں میں نمایاں اضافہ جبکہ انڈوں کی قیمت بھی بڑھ گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق برائلر کے نرخ میں 22 روپے اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد برائلر گوشت کی قیمت 497 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے، جبکہ صاف گوشت 580 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے۔ زندہ برائلر کی قیمت میں بھی 15 روپے اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، فارم گیٹ ریٹ کے مطابق زندہ برائلر کی قیمت 315 روپے فی کلو مقرر ہے، جبکہ ہول سیل مارکیٹ میں یہ 329 روپے فی کلو میں دستیاب ہے، پرچون بازار میں زندہ برائلر کی قیمت 343 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔ دوسری جانب انڈوں کی قیمت میں بھی اضافہ دیکھا گیا ہے، فی درجن انڈوں کی قیمت 1 روپے اضافے کے بعد 239 روپے مقرر کی گئی ہے، ہول سیل مارکیٹ میں انڈوں کی پیٹی 7 ہزار 50 روپے میں فروخت ہو رہی ہے۔ قیمتوں میں اضافے کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور وہ حکومتی سطح پر ریلیف کے منتظر ہیں۔