عیدالاضحیٰ : چارہ فروشوں کی چاندی، سبز چارہ، بھوسہ اور ونڈے کی قیمتوں میں اضافہ

05-25-2026

:(لاہور نیوز)عیدالاضحیٰ کی آمد سے قبل چارہ فروشوں کا کاروبار عروج پر پہنچ گیا جبکہ سبز چارہ، بھوسہ اور ونڈا کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

شہر کی مویشی منڈیوں اور گرد و نواح میں قائم چارہ سٹالز پر خریداروں کا رش بڑھ گیا ہے، جہاں بیوپاریوں کے ساتھ ساتھ شہری بھی قربانی کے جانوروں کے لیے بڑی مقدار میں چارہ خرید رہے ہیں۔ چارہ فروشوں کا کہنا ہے کہ عیدالاضحیٰ سے قبل ان کی سیل میں نمایاں بہتری آتی ہے اور طلب میں اضافے کے باعث نرخ بھی بڑھنے لگتے ہیں۔ ان کے مطابق اس وقت سبز چارہ، بھوسہ اور ونڈا کی خریداری میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔ دوسری جانب شہریوں نے چارہ کی بڑھتی قیمتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ سے نرخوں کو کنٹرول کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ قربانی کے جانور پالنے والوں کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔