لاری اڈہ:مبینہ پولیس مقابلہ ،ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار
05-25-2026
(لاہور نیوز) لاری اڈہ پولیس نے پیٹرولنگ کے دوران ڈاکوؤں سے مبینہ پولیس مقابلے کے بعد ایک زخمی ملزم کو گرفتار کر لیا۔
ایس پی سٹی عاطف امیر کے مطابق لاری اڈہ پولیس کو 15 پر ڈاکوؤں کی لوٹ مار کی اطلاع موصول ہوئی، جس پر پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان واردات میں مصروف تھے اور پولیس کو دیکھتے ہی سیدھی فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس کی جانب سے حفاظتِ خود اختیاری کے تحت جوابی کارروائی کی گئی۔ فائرنگ رکنے کے بعد ایک ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق زخمی ملزم کی شناخت شعیب کے نام سے ہوئی ہے، جو ڈکیتی اور غیر قانونی اسلحہ سمیت 70 سے زائد وارداتوں میں ریکارڈ یافتہ ہے۔ زخمی ڈاکو کو فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ فرار ہونے والے ملزمان کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔