پنجاب: عیدالاضحیٰ اور محرم سے قبل سکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کا فیصلہ
05-25-2026
(لاہور نیوز) کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا 53واں اجلاس، جس میں عیدالاضحیٰ و محرم سے قبل سکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے تحت کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا 53واں اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی خواجہ سلمان رفیق نے کی، جبکہ صوبائی وزیر بلال یاسین، صوبائی وزیر بلال اکبر خان، سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی اور اعلیٰ پولیس و انتظامی حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبے بھر کی امن و امان کی مجموعی صورتحال، عیدالاضحیٰ اور محرم الحرام کے سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ کابینہ کمیٹی نے کوئٹہ بم دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔ اجلاس میں تمام عبادت گاہوں، حساس تنصیبات اور بین الصوبائی بارڈر چیک پوسٹس کی سکیورٹی مزید سخت کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ صوبہ بھر میں فورتھ شیڈولرز اور مشکوک افراد کی کڑی نگرانی یقینی بنائی جائے اور تمام اضلاع میں عیدالاضحیٰ سکیورٹی کے حوالے سے ڈسٹرکٹ انٹیلیجنس کمیٹیوں کے اجلاس منعقد کیے جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پنجاب میں کالعدم تنظیموں پر قربانی کی کھالیں جمع کرنے پر مکمل پابندی عائد ہے اور محکمہ داخلہ کی جاری کردہ سکیورٹی ہدایات پر من و عن عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ صوبائی وزیر بلال یاسین نے مویشی منڈیوں کے داخلی و خارجی راستوں کی سخت نگرانی اور لاؤڈ اسپیکر کے غیر قانونی استعمال کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کی ہدایت کی، جبکہ بلال اکبر خان نے امن کمیٹیوں کو فعال بنانے اور تحصیل سطح تک علماء و آئمہ مساجد سے رابطے مضبوط کرنے پر زور دیا۔ سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پنجاب بھر میں 38 ہزار 507 عید اجتماعات منعقد ہوں گے، جن کیلئے فول پروف سکیورٹی انتظامات کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر نفرت انگیزی اور فرقہ واریت کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ اجلاس میں پاکستان اور آسٹریلیا کرکٹ میچز کے سکیورٹی انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا، جبکہ آئی جی پنجاب، سی ٹی ڈی اور دیگر اعلیٰ حکام نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔