عیدالاضحیٰ قریب، کانگو وائرس کے پھیلاؤ کا خطرہ بڑھ گیا

05-25-2026

(ویب ڈیسک) عیدالاضحیٰ کی آمد کے ساتھ ہی ملک بھر میں کانگو وائرس کے پھیلاؤ کا خدشہ بڑھ گیا۔

ماہرینِ صحت کے مطابق قربانی کیلئے جانور خریدتے، منتقل کرتے اور سنبھالتے وقت خصوصی احتیاط ضروری ہے، جبکہ جانوروں پر چیچڑ مار سپرے کا استعمال لازمی کیا جائے تاکہ وائرس کے پھیلاؤ کے امکانات کم کئے جا سکیں۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ قربانی کے دوران دستانے، ماسک اور حفاظتی لباس کا استعمال کیا جائے اور جانوروں کے خون یا آلائشوں کو براہِ راست ہاتھ لگانے سے گریز کیا جائے۔ ماہرین کے مطابق کانگو وائرس چیچڑ کے کاٹنے یا متاثرہ جانوروں کے خون کے ذریعے انسانوں میں منتقل ہو سکتا ہے، بخار، جسم میں شدید درد یا خون بہنے جیسی علامات ظاہر ہونے کی صورت میں فوری طور پر طبی امداد حاصل کی جائے۔ ماہرین  نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر صفائی ستھرائی اور حفاظتی اصولوں کا خاص خیال رکھا جائے تاکہ مہلک وائرس سے محفوظ رہا جا سکے۔