موٹروے پر سفر کرنے والوں کیلئے اہم ہدایات، ہیلپ لائن 130 جزوی متاثر

05-25-2026

(ویب ڈیسک) نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے موٹروے پر سفر کرنے والے شہریوں کیلئے اہم اور فوری ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہنگامی رابطہ سروس ہیلپ لائن 130 تکنیکی خرابی کے باعث جزوی طور پر متاثر ہو گئی ہے۔

موٹروے پولیس کے اعلامیے کے مطابق سسٹم میں فنی خرابی کے باعث ہیلپ لائن 130 مکمل طور پر فعال نہیں رہی، تاہم شہریوں کی سہولت کیلئے متبادل رابطہ نمبر جاری کر دیئے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری مدد فراہم کی جا سکے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ موٹروے کے مختلف سیکٹرز کیلئے مخصوص رابطہ نمبرز فعال کر دیئے گئے ہیں، جہاں شہری حادثات، گاڑی خراب ہونے یا دیگر ایمرجنسی صورتحال میں براہ راست رابطہ کر سکتے ہیں، حکام کے مطابق امدادی اور ریسکیو خدمات معمول کے مطابق جاری ہیں اور مسافروں کو بروقت سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ موٹروے پولیس نے شہریوں سے عارضی پریشانی پر معذرت کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی ہے کہ تکنیکی مسئلے کو جلد حل کرنے کیلئے اقدامات جاری ہیں تاکہ ہیلپ لائن سروس کو مکمل طور پر بحال کیا جا سکے۔ حکام نے مزید بتایا کہ شہری اضافی رہنمائی، معلومات اور شکایات کیلئے موٹروے پولیس کے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹ "NHMPofficial" سے بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔ موٹروے پولیس  نے مسافروں سے اپیل کی ہے کہ دورانِ سفر احتیاطی تدابیر اختیار کریں، رفتار کی حد کی پابندی کریں اور کسی بھی ایمرجنسی میں فراہم کردہ متبادل نمبرز استعمال کریں تاکہ بروقت مدد ممکن بنائی جا سکے اور سفر محفوظ رہے۔