عوامی ٹرانسپورٹ میں اوورچارجنگ، اوورلوڈنگ کیخلاف سخت کارروائی کا حکم
05-25-2026
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عیدالاضحیٰ کے موقع پرعوامی ٹرانسپورٹ میں اوورچارجنگ، اوورلوڈنگ اور ان فٹ گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دے دیا۔
وزیراعلیٰ نے ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز کو تمام بسوں اور بس سٹینڈز کی چیکنگ یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے حکم دیا کہ ہر بس اور بس سٹینڈ پر کرایہ نامہ واضح طور پر آویزاں کیا جائے تاکہ مسافروں سے زائد کرایہ وصول نہ کیا جا سکے۔ انہوں نے اوورچارجنگ میں ملوث بسوں کے روٹ پرمٹ اور بس سٹینڈز کے اجازت نامے منسوخ کرنے کی بھی ہدایت جاری کی۔ مریم نواز شریف نے فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیر چلنے والی ٹرانسپورٹ بند کرنے اور مسافروں کی اوورلوڈنگ پر مکمل پابندی یقینی بنانے کا حکم دیا۔ اس کے علاوہ بس اسٹینڈز پر مسافروں کے لیے ٹھنڈے پانی کی فراہمی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ محکمہ ٹرانسپورٹ نے مسافروں کی شکایات کے ازالے کے لیے 1071 ہیلپ لائن قائم کر دی ہے، جہاں شہری اوورچارجنگ سے متعلق شکایات درج کرا سکتے ہیں۔