گورنر پنجاب نے اجتماعی شادیوں کی تقریب میں 120 مستحق بچیوں کو رخصت کیا

05-24-2026

(لاہور نیوز) سردار سلیم حیدر خان نے ضلع اٹک کی تحصیل فتح جنگ میں اجتماعی شادیوں کی تقریب کے دوران 120 مستحق بچیوں کو رخصت کیا۔

گورنر پنجاب کا فلاحی اقدام، 120 بچیوں کی رخصتی، عیدالاضحیٰ کے بعد 500 اجتماعی شادیوں کا اعلان کر دیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ جب اللہ پر توکل کرتے ہوئے 100 شادیوں کا اعلان کیا تو اس وقت ان کے پاس ایک بچی کی رخصتی کے وسائل بھی موجود نہیں تھے۔ انہوں نے مخیر حضرات کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس نیک کام کے لیے کروڑوں روپے کا فنڈ فراہم کیا۔ گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ تمام بچیاں ان کی اپنی بیٹیوں کی طرح ہیں اور ان کے ہوتے ہوئے کوئی بھی بچی جہیز یا وسائل کی کمی کے باعث گھر نہیں بیٹھے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ان کے لیے خوشی کی بات ہے کہ آج یہ بچیاں عزت و وقار کے ساتھ اپنے گھروں کو روانہ ہو رہی ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ عیدالاضحیٰ کے بعد 500 اجتماعی شادیوں کے دوسرے بڑے پروگرام کا انعقاد کیا جائے گا۔ گورنر پنجاب نے چیف آرگنائزر ملک کامران خاکی کو کامیاب انعقاد پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پہلے 35، پھر 100 شادیوں کا ہدف تھا اور آج 120 بچیوں کو رخصت کرکے نئی مثال قائم کی گئی ہے۔ تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ان کا عہدہ عوام کی امانت ہے، خاص طور پر ان لوگوں کی جن کی کوئی بات نہیں سنتا۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع اٹک میں مخیر حضرات کے تعاون سے ڈائلیسز اور تھیلیسیمیا سینٹر قائم کیا گیا ہے جہاں مریضوں کا مفت علاج کیا جاتا ہے۔ گورنر پنجاب کے مطابق تحصیل جنڈ میں جدید زچہ و بچہ سینٹر قائم کیا جائے گا جبکہ ضلع اٹک کے مختلف علاقوں میں صاف پانی کی فراہمی کے لیے واٹر فلٹریشن پلانٹس بھی لگائے جائیں گے، انہوں نے مزید کہا کہ حسن ابدال اور فتح جنگ سے الیکٹرک بس سروس کا آغاز بھی کیا جا چکا ہے تاکہ عوام کو سستی سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔