کچرے سے توانائی پیدا کرنے والے منصوبوں کی حوصلہ افزائی کا فیصلہ
05-24-2026
(لاہور نیوز) حکومت پنجاب نے ماحول دوست منصوبوں کے فروغ اور ماحولیاتی آلودگی میں کمی کیلئے اہم پالیسی اقدامات پر غور شروع کر دیا ہے، جس کے تحت کچرے سے توانائی اور کارآمد مصنوعات تیار کرنے والے منصوبوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔
حکومتی ذرائع کے مطابق ویسٹ ٹو ویلیو منصوبوں کیلئے سرکاری زمین لیز پر دینے کی شرائط تیار کی جا رہی ہیں، جبکہ ویسٹ ٹو انرجی اور بائیو گیس منصوبوں کیلئے سرکاری اراضی نجی شعبے کو لیز پر فراہم کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ پنجاب میں گرین انویسٹمنٹ کو فروغ دینے کیلئے نئی پالیسی مرتب کی جا رہی ہے، جس کے تحت نجی شعبے کو ویسٹ مینجمنٹ اور ماحول دوست منصوبوں میں سرمایہ کاری کیلئے سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت ویسٹ ٹو ویلیو منصوبوں میں تیزی لانے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے تاکہ کچرے کو قابلِ استعمال مصنوعات اور توانائی میں تبدیل کیا جا سکے۔ حکومت کا مؤقف ہے کہ اس اقدام سے نہ صرف ماحولیاتی آلودگی میں کمی آئے گی بلکہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے کچرے کے مؤثر استعمال کو بھی فروغ ملے گا۔ ذرائع کے مطابق ویسٹ ٹو ویلیو پراجیکٹس کیلئے قواعد و ضوابط مرتب کرنے کا عمل جاری ہے، جبکہ حتمی پالیسی منظوری کے بعد مختلف منصوبوں پر عملی پیش رفت کا آغاز کیا جائے گا۔