لاہور چیمبر کا یکم جون کے بعد بھی کاروباری اوقات میں نرمی برقرار رکھنے کا مطالبہ

05-23-2026

(لاہورنیوز) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے یکم جون کے بعد بھی کاروباری اوقات میں نرمی برقرار رکھنے کا مطالبہ کیا ہے۔

  صدر لاہور چیمبر آف کامرس فہیم الرحمان سہگل نے کہا کہ مارکیٹوں اور ریسٹورنٹس کو رات 8 بجے بند کرنا کاروبار کیلئے نقصان دہ ثابت ہوا۔ فہیم الرحمان سہگل نے کہا کہ لاہور چیمبر کی کوششوں سے حکومت نے کاروباری اوقات میں نرمی کی، توانائی بچت کیلئے کاروبار بند کرنا واحد حل نہیں، بجلی بچانے کیلئے متبادل اقدامات کیے جائیں۔ صدر لاہور چیمبر نے کہا کہ ریٹیل اور ریسٹورنٹ سیکٹر شدید مالی دباؤ کا شکار ہیں، سخت کاروباری اوقات سے روزگار اور معاشی سرگرمیاں متاثر ہوں گی۔ فہیم الرحمان سہگل نے کہا کہ طویل المدتی پالیسی مرتب کی جائے جو توانائی بچت اور معاشی سرگرمیوں کے درمیان توازن قائم رکھے۔ صدر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے کہا کہ حکومت کاروباری برادری کو اعتماد میں لے کر فیصلے کرے۔