ہیئر کے علاقے میں مبینہ پولیس مقابلہ، ایک ڈاکو ہلاک

05-23-2026

(لاہور نیوز) ہیئر کے علاقے میں پولیس مقابلے کے دوران ایک مبینہ ڈاکو ہلاک جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

 پولیس کے مطابق واقعہ کچا کماہاں روڈ پر قائم ناکے کے قریب پیش آیا۔ ایس پی کینٹ کے مطابق ناکے پر موجود پولیس اہلکاروں نے موٹرسائیکل سوار مشتبہ افراد کو رکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے پولیس کو دیکھتے ہی سیدھی فائرنگ شروع کر دی اور فرار ہونے کی کوشش کی۔ پولیس کی جوابی کارروائی اور کراس فائرنگ کے نتیجے میں ایک ملزم، جس کی شناخت شایان علی کے نام سے ہوئی، موقع پر ہلاک ہوگیا جبکہ اس کا ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگیا۔ پولیس حکام کے مطابق ہلاک ہونے والا ملزم قتل، ڈکیتی اور چوری سمیت 48 مقدمات میں ریکارڈ یافتہ تھا۔ ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور چھینی گئی موٹر سائیکل بھی برآمد کر لی گئی ہے۔ ایس پی کینٹ کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والے ساتھی ڈاکو کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے جبکہ مزید تحقیقات بھی کی جا رہی ہیں۔