پنجاب حکومت کا دیہی واٹر سپلائی و سینی ٹیشن منصوبے کو توسیع دینے کا فیصلہ

05-23-2026

(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے دیہی آبادی کو پینے کے صاف پانی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے پنجاب رورل سسٹین ایبل واٹر سپلائی اینڈ سینی ٹیشن پراجیکٹ کے دائرہ کار میں توسیع کی منظوری دے دی ہے۔

 اس فیصلے کے تحت مختص فنڈنگ کے اندر رہتے ہوئے منصوبے کی کوریج بڑھائی جائے گی اور مزید دیہی علاقوں کو شامل کیا جائے گا۔ حکومتی فیصلے کے مطابق واٹر سپلائی اور نکاسی آب کے نظام میں بہتری کے لیے نئے علاقوں کی شمولیت کی جائے گی جبکہ ٹیوب ویل، فلٹریشن پلانٹس اور سیوریج سسٹم کی اپ گریڈیشن بھی منصوبے کا حصہ ہوگی۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے دیہی علاقوں میں صاف پانی اور سینی ٹیشن کی سہولیات میں نمایاں بہتری آئے گی اور پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں میں کمی لانے میں مدد ملے گی۔ منصوبے پر عملدرآمد محکمہ بلدیات و کمیونٹی ڈویلپمنٹ کرے گا جبکہ منصوبے کی شفاف اور مؤثر نگرانی کے لیے خصوصی مانیٹرنگ میکنزم بھی متعارف کرایا جائے گا۔ پنجاب حکومت نے دیہی ترقی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے محکمہ بلدیات کی سفارشات کی بھی منظوری دے دی ہے، جسے دیہی عوام کے معیارِ زندگی میں بہتری کی جانب اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔