دبئی سے آئے شہری کو نشہ آور نیاز کھلا کر لوٹنے والا نوسرباز گرفتار

05-23-2026

(لاہور نیوز) پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے آرٹیفیشل انٹیلیجنس بیسڈ کیمروں کی مدد سے دبئی سے آنے والے غیر ملکی شہری کو نشہ آور نیاز کھلا کر لوٹنے والے نوسرباز کو گرفتار کر لیا گیا۔

پولیس کے مطابق غیر ملکی شہری دبئی سے پاکستان پہنچنے کے بعد گوجرہ جانے کیلئے لاہور کے نیازی اڈے آیا، جہاں موجود ملزم  نے ہمدردی اور مدد کے بہانے اس سے دوستی کر لی۔ ملزم  نے شہری کو داتا دربار سے لائی گئی نیاز کھانے کی پیشکش کی اور یقین دلایا کہ وہ بھی گوجرہ جا رہا ہے اور راستے میں اسے چھوڑ دے گا، نشہ آور نیاز کھانے اور گاڑی میں بیٹھتے ہی غیر ملکی شہری بے ہوش ہو گیا۔ پولیس کے مطابق ملزم شہری سے لاکھوں روپے نقدی، پاسپورٹ، موبائل فون، لیپ ٹاپ اور زیورات لوٹ کر فرار ہو گیا تھا۔ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے ورچوئل پٹرولنگ آفیسر  نے جدید کیمروں اور ٹیکنالوجی کی مدد سے گاڑی اور روٹ کو ٹریس کیا جبکہ ملزم کی لوکیشن اور اہم معلومات فوری طور پر پولیس ٹیم کو فراہم کی گئیں۔ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا جبکہ اس کے قبضے سے غیر ملکی شہری کا پاسپورٹ، نقدی، موبائل فون، لیپ ٹاپ اور دیگر قیمتی سامان بھی برآمد کر لیا گیا۔