تاجروں کا آئندہ بجٹ میں آسان ٹیکس سکیم متعارف کرانے کا مطالبہ

05-23-2026

(لاہور نیوز) وزیرِ مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی سے مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے وفد نے ملاقات کی، جس میں تاجروں نے بجٹ سے متعلق مختلف تجاویز پیش کیں۔

مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے صدر کی قیادت میں وفد  نے ریٹیل اور ہول سیل شعبے کیلئے موزوں ریگولیٹری تجاویز کا جامع خاکہ پیش کیا، وفد نے نظام میں موجود رکاوٹوں کو دور کرنے، انتظامی معاملات کو آسان بنانے اور تاجر برادری کی جانب سے رضاکارانہ طور پر ٹیکس قوانین پر عمل درآمد یقینی بنانے کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنے سے متعلق بھی سفارشات پیش کیں۔ وفد نے آئندہ بجٹ میں آسان ٹیکس سکیم متعارف کرانے کا مطالبہ کیا، تاجروں  نے اپنے مسائل کے حل کیلئے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے مشاورتی عمل کو سراہا اور اس ضمن میں خصوصی کاوشوں پر وزیرِ مملکت خزانہ بلال اظہر کیانی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ وزیرِ مملکت بلال اظہر کیانی نے تاجروں کے مسائل کے حل اور کاروبار دوست ماحول پیدا کرنے کیلئے وزیراعظم شہباز شریف کے عزم اور اقدامات کا اعادہ کیا، انہوں نے ملک میں اقتصادی سرگرمیوں اور روزگار کی فراہمی میں تجارتی شعبے کے کلیدی کردار کو بھی سراہا۔ بلال اظہر کیانی  نے آسان ٹیکس سکیم لانے کے حوالے سے تاجروں کے مطالبے پر غور کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اس مطالبے کا جائزہ لیں گے۔ وزیرِ مملکت نے تاجروں کی پیش کردہ تمام تجاویز کا جائزہ  لے کر اقدامات کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی تاکہ ریونیو کے حصول اور تجارتی ترقی کے درمیان توازن قائم رکھتے ہوئے سٹریٹجک تعاون کو فروغ دیا جا سکے۔