انسداد پولیو مہم میں 21 لاکھ 48 ہزار سے زائد بچوں کی ویکسینیشن

05-23-2026

(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے زیرو پولیو پنجاب ویژن کے تحت عملی اقدامات جاری ہیں۔

اس کے سلسلے میں ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کی زیر صدارت اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر آصف ارباب اور اسسٹنٹ کمشنرز  نے شرکت کی، سی ای او ہیلتھ نے انسداد پولیو مہم پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ عالمی ادارہ صحت کے مبصرین نے فیلڈ سٹاف کی کارکردگی، مہارت اور لگن کو سراہا ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ انسداد پولیو مہم کے ابتدائی پانچ روز میں مقررہ اہداف سے زائد کامیابی حاصل کی گئی ہے اور مجموعی طور پر 21 لاکھ 48 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ انکاری والدین کے 484 کیسز کو بھی کامیابی سے کور کیا گیا جبکہ مہم کے دوران مجموعی انتظامی اہداف کے مقابلے میں مثالی نتائج حاصل ہوئے۔ ڈپٹی کمشنر لاہور  نے ہدایت کی کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ٹیمیں براہ راست ضلعی انتظامیہ سے رابطہ کریں اور تمام ڈی ڈی ایچ اوز فیلڈ میں مہم کی سخت مانیٹرنگ یقینی بنائیں، انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنانے کیلئے تمام متعلقہ محکمے باہمی تعاون سے کام کریں۔ کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز  نے کہا کہ مریم نواز شریف کے زیرو پولیو پنجاب ویژن کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا، پانچ سال سے کم عمر ہر بچے کی ویکسینیشن ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیو سے پاک لاہور کیلئے شہریوں کا تعاون ناگزیر ہے، کیونکہ بچوں کو مہلک بیماری سے محفوظ رکھنا ایک قومی ذمہ داری ہے، اس قومی مہم میں حقائق پر مبنی رپورٹنگ ہی اصل کامیابی کی ضمانت ہے۔