نوجوان پاکستان کا فخر اور ملک کا روشن مستقبل ہیں: گورنر پنجاب

05-23-2026

(لاہور نیوز) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے پنجاب یونیورسٹی کے طلبہ نے ملاقات کی، جس میں یونیورسٹی کی فلم اینڈ براڈکاسٹ ڈیپارٹمنٹ کی چیئرپرسن ڈاکٹر لبنیٰ ظہیر سمیت دیگر اساتذہ بھی شریک ہوئے۔ ملاقات کے دوران طلبہ، تعلیم، کھیلوں اور فلم انڈسٹری سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

گورنر پنجاب نے اس موقع پر کہا کہ نوجوان پاکستان کا فخر اور ملک کا روشن مستقبل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے نہ صرف ایٹم بم بنایا بلکہ میزائل ٹیکنالوجی بھی حاصل کی، جو ملکی صلاحیتوں کا واضح ثبوت ہے۔ سردار سلیم حیدر خان کا کہنا تھا کہ اگر گیس پائپ لائن منصوبے پر عائد پابندیاں ختم ہو جائیں تو پاکستان کو 5 ڈالر فی یونٹ کے حساب سے سستی گیس میسر آ سکتی ہے، جس سے توانائی بحران اور مہنگائی کے مسائل میں کمی لانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے پاکستانی فلم انڈسٹری کی ترقی کے حوالے سے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں فلم سازی کے شعبے کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ گورنر پنجاب نے اعتراف کیا کہ بیروزگاری اور مہنگائی کے باعث عوام کو مشکلات کا سامنا ہے، تاہم نوجوانوں کیلئے مواقع پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹیوں میں سپورٹس کی بنیاد پر داخلوں کو فروغ دینے کیلئے سنجیدہ اقدامات کرنا ہوں گے تاکہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بہتر انداز میں اجاگر کیا جا سکے۔