ٹیکس اور ڈیوٹی وصولی کیلئے بینک آج اور کل کھلے رہیں گے

05-23-2026

(ویب ڈیسک) سٹیٹ بینک نے ٹیکس گزاروں کی سہولت کیلئے آج اور کل ملک بھر میں مخصوص کمرشل بینکوں کی برانچز کھلی رکھنے کا اعلان کیا ہے تاکہ سرکاری ڈیوٹیز اور ٹیکسز کی بروقت وصولی کو یقینی بنایا جا سکے۔

سٹیٹ بینک کے ایکسٹرنل کمیونیکیشنز ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق یہ فیصلہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی درخواست پر کیا گیا ہے۔ اس فیصلے کے تحت تمام کمرشل بینکوں کی وہ برانچز جو عام طور پر ہفتے کے دن کھلتی ہیں بشمول نیشنل بینک آف پاکستان کی وہ برانچز جو کسٹمز کلیکشن کا کام کرتی ہیں، آج 23 مئی اور اتوار 24 مئی 2026 کو صبح 09:00 بجے سے دوپہر 03:00 بجے تک کھلی رہیں گی۔ سٹیٹ بینک نے تمام بینکوں کو یہ ہدایت بھی جاری کی ہے کہ وہ اتوار 24 مئی 2026 کو این آئی ایف ٹی کے ذریعے سرکاری لین دین کی اسپیشل کلیئرنگ مکمل ہونے تک اپنی متعلقہ برانچز کو کھلا رکھیں۔ ٹیکس دہندگان کیلئے آن لائن ادائیگی کے تمام ذرائع جیسے انٹرنیٹ بینکنگ، موبائل ایپلی کیشنز، اے ٹی ایمز اور دیگر ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کی بلا تعطل دستیابی کو بھی لازمی قرار دیا گیا ہے تاکہ آن لائن ٹیکس جمع کروانے میں کوئی دشواری پیش نہ آئے۔