گلی، محلوں میں آلائشیں پھینکنے والوں پر 50 ہزار روپے جرمانہ ہو گا، مریم نواز

05-23-2026

(لاہور نیوز) گلیوں، محلوں اور ممنوعہ مقامات پر آلائشیں اور جانوروں کی باقیات پھینکنے والوں پر 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کرنے کی منظوری دے دی گئی۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت ویڈیو لنک اجلاس میں عیدالاضحیٰ صفائی پلان کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق اور سیکرٹری بلدیات میاں شکیل احمد نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ممنوعہ مقامات پر آلائشیں پھینکنے کی روک تھام اور نگرانی کیلئے ویجلینس سکواڈ قائم کئے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے عوام کو باقیات اور آلائشیں مقررہ مقامات کے علاوہ کہیں بھی نہ پھینکنے کیلئے جامع آگاہی مہم چلانے کی ہدایت کی، انہوں نے ہر شہر میں ڈرین، کینالوں اور دیگر مقامات کی خصوصی صفائی اور نگرانی یقینی بنانے کا حکم بھی دیا۔ وزیراعلیٰ نے پرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائٹیوں، ریلوے کالونیوں اور کنٹونمنٹ ایریاز میں بھی صفائی کے خصوصی انتظامات کی ہدایت کی جبکہ پنجاب بھر کی 2687 نمایاں کمرشل مارکیٹوں میں خصوصی صفائی آپریشن چلانے کا حکم دیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ “ستھرا پنجاب” ٹیمیں عید سے قبل، عید کے دنوں اور تیسرے روز تک متحرک رہیں گی، عوامی آگاہی کیلئے رکشوں پر منادی بھی کی جائے گی جبکہ قربانی کی آلائشیں جمع کرنے کیلئے ڈی گریڈ ایبل شاپنگ بیگز فراہم کئے جائیں گے۔ بریفنگ کے مطابق صوبہ بھر میں 1 لاکھ 76 ہزار سینٹری ورکرز اور 8 ہزار سے زائد عارضی کارکن عید صفائی آپریشن میں حصہ لیں گے، جانوروں کی باقیات کیلئے 3800 پرائمری کولیکشن سینٹرز، 3100 ڈمپنگ سائٹس اور 7 ہزار ڈمپنگ پوائنٹس قائم کئے جائیں گے۔ اجتماعی قربانی کیلئے 1200 قربان گاہوں پر خصوصی صفائی انتظامات کئے جائیں گے جبکہ صوبہ بھر میں 4500 خصوصی کیمپ بھی قائم ہوں گے، عید صفائی آپریشن کیلئے 40 ہزار سے زائد اضافی گاڑیاں، لوڈر رکشے، منی ڈمپر، ٹریکٹر ٹرالیاں اور پک اپ گاڑیاں استعمال کی جائیں گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے ہدایت کی کہ چاند رات سے قبل قبرستانوں کی خصوصی صفائی مکمل کی جائے جبکہ نماز عید کے اجتماعات اور مساجد میں عرق گلاب کا اسپرے بھی کیا جائے۔ شہریوں کی سہولت کیلئے “ستھرا پنجاب” ہیلپ لائن 1139 فعال رہے گی جبکہ ڈپٹی کمشنرز، واسا اور میونسپل کارپوریشنز کے دفاتر میں کنٹرول رومز قائم کئے جائیں گے، وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ عید کے تیسرے روز تمام کولیکشن پوائنٹس اور ڈسپوزل سائٹس مکمل طور پر کلیئر کر دی جائیں۔