عیدالاضحیٰ تک قربانی والے لوڈر رکشوں کو کینال روڈ پر عارضی اجازت

05-23-2026

(لاہور نیوز) چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے عیدالاضحیٰ کے پیش نظر لوڈر رکشوں کیلئے خصوصی ریلیف کا اعلان کر دیا۔

سی ٹی او لاہور کے مطابق عیدالاضحیٰ تک صرف قربانی کے جانور لانے اور  لے جانے والے لوڈر رکشوں کو کینال روڈ استعمال کرنے کی عارضی اجازت دی گئی ہے، اس فیصلے کا مقصد شہریوں کو قربانی کے جانوروں کی نقل و حمل میں سہولت فراہم کرنا ہے۔ سید عبدالرحیم شیرازی نے واضح کیا کہ صرف وہی لوڈر رکشے کینال روڈ پر چل سکیں گے جو قربانی کے جانور ٹرانسپورٹ کر رہے ہوں گے، جبکہ دیگر لوڈر رکشوں اور چنگ چی رکشوں کے خلاف کارروائیاں بدستور جاری رہیں گی۔ انہوں  نے خبردار کیا کہ قربانی والے لوڈر رکشے اگر لین لائن کی خلاف ورزی کرتے پائے گئے تو ان کے خلاف بھی قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ سی ٹی او لاہور کا کہنا تھا کہ ٹی آئرن، لوہے کے راڈ، بانس اور دیگر سامان  لے جانے والے رکشوں کو کینال روڈ استعمال کرنے کی ہرگز اجازت نہیں ہو گی۔ انہوں  نے مزید کہا کہ کینال روڈ پر چنگ چی اور لوڈر رکشے نہ صرف سلو موونگ ٹریفک کا سبب بنتے ہیں بلکہ حادثات کے خطرات میں بھی اضافہ کرتے ہیں، اسی لئے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے انہیں خصوصاً ماڈل روڈز پر چلنے کی اجازت نہیں دی جاتی۔