رواں سال منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن میں 2476 ملزمان گرفتار

05-22-2026

(لاہور نیوز) لاہور پولیس نے رواں سال منشیات فروشوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں کرتے ہوئے 2476 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان لاہور پولیس کے مطابق کارروائیوں میں کروڑوں روپے مالیت کی منشیات برآمد کی گئی جبکہ مختلف علاقوں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز بھی تیز کر دیئے گئے ہیں، کریک ڈاؤن کے دوران 859 کلو گرام چرس، 216 کلو آئس اور 79 کلو ہیروئن برآمد کی گئی، ملزمان کے قبضے سے 123 کلو بھنگ، 25 کلو افیون اور 13 ہزار لٹر سے زائد شراب بھی برآمد ہوئی۔ سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کا کہنا ہے کہ صوبائی دارالحکومت میں منشیات فروشوں کیلئے کوئی جگہ نہیں اور منشیات کی خرید و فروخت کے ساتھ سپلائی چین کے خاتمے کیلئے جامع حکمت عملی پر عمل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا نوجوانوں کے مستقبل سے کھیلنے والے عناصر معاشرے کا ناسور ہیں، انہیں منطقی انجام تک پہنچائیں گے، تعلیمی اداروں اور ہاسٹلز کے گردونواح میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز مزید تیز کئے جا رہے ہیں۔ انہوں  نے ہدایت کی کہ منشیات کی سپلائی چین توڑنے کیلئے پولیس دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر کام کرے جبکہ آن لائن اور کوریئر سروسز کے ذریعے منشیات کی ترسیل روکنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال بھی یقینی بنایا جائے۔ لاہور پولیس کے مطابق شہر بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ نوجوان نسل کو منشیات کے ناسور سے محفوظ بنایا جا سکے۔