انمول عرف پنکی منشیات کیس، لاہور سے دو مبینہ منشیات ڈیلرز گرفتار

05-22-2026

(لاہور نیوز) انمول عرف پنکی منشیات کیس میں ملزمہ کے موبائل نیٹ ورک اور روابط کی بنیاد پر تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کر دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق پنکی کے موبائل نیٹ ورک سے حاصل ہونے والی معلومات کی بنیاد پر وفاقی تحقیقاتی ادارے نے لاہور سے دو مبینہ منشیات ڈیلرز کو حراست میں لے لیا، جبکہ مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حراست میں لئے گئے دونوں افراد غیر ملکی اور افریقی باشندے ہیں، جو مبینہ طور پر لاہور میں سرگرم پنکی نیٹ ورک کا حصہ تھے، تحقیقاتی ادارے گرفتار افراد سے مختلف پہلوؤں پر پوچھ گچھ کر رہے ہیں تاکہ منشیات سپلائی کے نیٹ ورک اور دیگر سہولت کاروں تک رسائی حاصل کی جا سکے۔ ذرائع کے مطابق انمول عرف پنکی کے انکشافات کی روشنی میں مزید کارروائیوں کا امکان ہے اور آنے والے دنوں میں مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔ تحقیقات کو جدید ٹیکنالوجی اور موبائل ڈیٹا کی مدد سے آگے بڑھایا جا رہا ہے تاکہ نیٹ ورک سے وابستہ تمام افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔ تحقیقاتی ادارے اس کیس کو اہم قرار دیتے ہوئے منشیات کے بین الاقوامی روابط اور مقامی سہولت کاروں کے کردار کا بھی جائزہ لے رہے ہیں، جبکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے مزید کارروائیوں کیلئے متحرک ہیں۔