پنجاب بھر میں غیر قانونی مقیم 35 ہزار سے زائد غیر ملکی افراد ڈی پورٹ

05-22-2026

(لاہور نیوز) پنجاب بھر میں غیر قانونی مقیم غیر ملکی باشندوں کے انخلا کا عمل جاری ہے جبکہ پنجاب پولیس نے اب تک لاہور سمیت مختلف اضلاع سے 35 ہزار سے زائد افراد کو ڈی پورٹ کر دیا ہے۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق ڈی پورٹ کیے جانے والوں میں بڑی تعداد افغان باشندوں کی ہے۔ کارروائی کے دوران 13 ہزار 728 مرد، 7 ہزار 48 خواتین اور 14 ہزار 366 بچوں کو واپس بھجوایا گیا۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ اس وقت صوبے بھر کے ہولڈنگ پوائنٹس پر 163 غیر قانونی مقیم افراد موجود ہیں۔ ڈی پورٹ ہونے والوں میں 10 ہزار 898 ایسے افراد شامل ہیں جن کے پاس رہائشی ثبوت موجود تھے جبکہ 11 ہزار 131 افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 13 ہزار 113 غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کو بھی ڈی پورٹ کیا گیا۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے صوبے بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام غیر قانونی مقیم افراد کا انخلا یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس بین الاقوامی قوانین اور حکومتی پالیسی کے تحت غیر قانونی مقیم باشندوں کے انخلا پر عمل پیرا ہے۔