مصری شاہ پولیس کی کارروائی، موٹرسائیکل چور گینگ گرفتار
05-22-2026
(لاہور نیوز) مصری شاہ میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو رکنی متحرک جھپٹا مار اور موٹرسائیکل چور گینگ کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان شہریوں سے وارداتوں کے بعد فرار ہونے کیلئے چوری شدہ موٹر سائیکل استعمال کرتے تھے، چند روز قبل بھی ملزمان نے ایک خاتون سے پرس چھیننے کی واردات کی، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آنے پر پولیس نے کارروائی عمل میں لائی۔ ایس پی سٹی عاطف امیر کے مطابق ملزمان کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ٹریس اور شناخت کیا گیا، گرفتار ملزمان میں بلاول اور ہارون شامل ہیں، جو راہ چلتی خواتین سے پرس اور موبائل فون چھین کر فرار ہو جاتے تھے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان گلی محلوں میں پیدل جبکہ مرکزی شاہراہوں پر موٹرسائیکل اور اسلحہ استعمال کرتے ہوئے وارداتیں کرتے تھے، ملزمان لاہور کے مختلف علاقوں سے موٹرسائیکل چوری کرنے میں بھی ملوث رہے ہیں۔ ملزمان کے قبضے سے تین موٹرسائیکلیں، نقد رقم اور غیر قانونی اسلحہ برآمد کیا گیا ہے، ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش جاری ہے۔