لاہور سمیت پنجاب بھر میں عید پر بھی ہیٹ ویو برقرار رہنے کا امکان
05-22-2026
(لاہور نیوز) پی ڈی ایم اے پنجاب نے صوبے بھر میں شدید گرمی کی لہر کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا ہے۔
ترجمان کے مطابق 25 سے 31 مئی کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے، جبکہ عیدالاضحیٰ کے ایام میں بھی شدید گرمی برقرار رہ سکتی ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق بالائی پنجاب میں درجہ حرارت 42 سے 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کی توقع ہے، جبکہ جنوبی پنجاب میں پارہ 47 سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔ لاہورمیں آج کم سے کم درجہ حرارت 28 جبکہ زیادہ سے زیادہ 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا کی رفتار 8 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 39 فیصد تک رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے کل صبح لاہور میں ہلکی بوندا باندی کے امکانات بھی ظاہر کیے ہیں۔ متعلقہ اداروں نے شہریوں کو غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔