پی آئی اے کا قبل از حج آپریشن 97 فیصد پروازوں کی روانگی کیساتھ مکمل

05-22-2026

(لاہور نیوز) قومی ایئر لائن(پی آئی اے ) کا قبل از حج آپریشن 97 فیصد بروقت پروازوں کی روانگی کے ساتھ مکمل ہو گیا۔

ترجمان کے مطابق رواں سال 210 پروازوں کےذریعے 53,000 سے زائد عازمین حج کو حجازِ مقدس پہنچایا گیا۔ ترجمان کے مطابق پی آئی اے کی قبل از حج کی پروازوں کی کامیابی کی شرح 97 فیصد رہی  یعنی مجموعی طور پر 97 فیصد  سے زائد  پروازیں بروقت روانہ ہوئیں، پی آئی اے کی جانب سے حج پروازوں کی بروقت روانگی مقررہ ہدف سے سات فیصد زائد رہی۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ اس  سال  53،000 سے زائد عازمین حج کو  پی آئی اے کے ذریعے سعودی عرب پہنچایا گیا، حج آپریشن کیلئے اسلام آباد، کراچی، لاہور، ملتان، فیصل آباد، سیالکوٹ اور کوئٹہ سے براہِ راست پروازیں چلائی  گئیں۔ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ پی آئی اے کی جانب سے  بعد از حج  آپریشن کیلئے ضروری  اقدامات مکمل کر لئے گئے ہیں، پی آئی اے کا بعد از حج  آپریشن 30 مئی 2026 کو شرو ع ہو گا اور 30 جون  کو  اختتام پذیر ہو گا۔