190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا کیخلاف اپیلوں پر اہم پیش رفت

05-21-2026

(لاہور نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ میں 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا کے خلاف اپیلوں پر اہم پیش رفت سامنے آ گئی۔

بانی پی ٹی آئی کی 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا کے خلاف اپیل کی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا گیا، چیف جسٹس اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل بنچ نے تحریری فیصلہ جاری کیا۔ حکم نامے کے مطابق بانی پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر کی جانب سے طبی بنیادوں پر التوا کی درخواست دی گئی، سلمان صفدر آنکھ کے پردے (ریٹینا) کے طبی عارضے میں مبتلا ہیں۔ عدالتی حکم کے مطابق گزشتہ سماعت پر اپیل کنندہ کے وکیل کو دلائل دینے کا آخری موقع دیا گیا تھا، آئندہ سماعت پر بھی وکیلِ صفائی طبی وجوہات کے باعث دستیاب نہ ہوئے تو اپیل کنندہ متبادل وکیل پیش کریں۔ حکم نامے کے مطابق متبادل وکیل نہ ہونے کی صورت میں اپیل کا فیصلہ دستیاب ریکارڈ اور قانون کے مطابق کر دیا جائے گا، عدالت کی جانب سے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو وکالت نامے کے حوالے سے اہم ہدایات جاری کر دی گئیں۔ عدالت نے حکم دیا کہ وکالت نامہ تمام قانونی ضابطے پورے کر کے فوری طور پر وکیل کو واپس کیا جائے، عدالت نے وکلا کو بھی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے حوالے سے دی گئی ہدایات پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کا حکم دیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے مطابق کیس کی آئندہ سماعت 18 جون 2026 کے لیے مقرر کی جاتی ہے۔