فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں 4 سالہ مڈوائفری ڈگری پروگرام کا آغاز

05-21-2026

(لاہور نیوز) عالمی یومِ مڈوائفری 2026 کے موقع پر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی نے حکومتِ پنجاب اور UNFPA کے اشتراک سے کالج آف نرسنگ اینڈ مڈوائفری میں چار سالہ مڈوائفری ڈگری پروگرام کا باقاعدہ آغاز کر دیا۔

تقریب میں وائس چانسلر پروفیسر خالد مسعود گوندل نے بطور چیف گیسٹ جبکہ UNFPAکی ڈپٹی نمائندہ پاکستان اور قائم مقام سربراہ ڈاکٹر گلنارا قادرکولووا (Dr. Gulnara Kadyrkulova) نے وفد کے ہمراہ بطور گیسٹ آف آنر شرکت کی۔ وائس چانسلر پروفیسر خالد مسعود گوندل نے UNFPA کے وفد کے ہمراہ مڈوائفری پروگرام کا افتتاح کیا اور نرسنگ کالج کا دورہ بھی کیا۔تقریب میں UNFPA کے وفد سمیت پرنسپل پروفیسر عبدالحمید، ڈین نرسنگ پروفیسر شمیلہ اعجاز منیر، پروفیسر بلقیس شبیر، ڈاکٹر سید سجاد سرور ، ڈاکٹر ماہ نور فاطمہ، ڈائریکٹر جنرل نرسنگ طاہرہ پروین، پرنسپل نرسنگ مس خدیجہ مشتاق سمیت دیگر فیکلٹی ممبران نے خصوصی طور پر شرکت کی۔  اپنے خطاب میں وائس چانسلر پروفیسر خالد مسعود گوندل نے حکومتِ پنجاب اور UNFPAکے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ڈائریکٹر جنرل نرسنگ اور نرسنگ کالج کے اساتذہ کی خدمات کو بھی سراہا، انہوں نے کہا کہ شعبہ یوروگائناکالوجی پیچیدہ مریضوں خصوصاً زچگی فسٹولا کے علاج میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل نرسنگ طاہرہ پروین نے مڈوائفری پروگرام اور شعبۂ صحت میں مڈوائفزکے کردار پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ مریضوں کے بڑھتے ہوئے بوجھ پر قابو پانے اور ماں اور بچے کی شرحِ اموات میں کمی کے لیے مزید مڈوائفز کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ پنجاب میں جلد ہی مزید نئے مڈوائفری کالجز کا افتتاح کیا جائے گا۔ تقریب کے دوران مڈوائفز کے کردار اور اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے ایک آگاہی فلم بھی دکھائی گئی۔ بعد ازاں پرنسپل نرسنگ کالج نے نئی  طالبات سے حلف لیا۔