عید پر لوڈشیڈنگ سے بچاؤ کیلئے لیسکو متحرک، کمپلینٹ سیلز فعال

05-21-2026

(لاہور نیوز) عیدالاضحیٰ کے موقع پر بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کیلئے لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) متحرک ہو گئی، جبکہ صارفین کی شکایات کے فوری ازالے کیلئے تمام کمپلینٹ سیلز بھی فعال کر دیئے گئے ہیں۔

لیسکو ہیڈکوارٹر میں سی ای او انجینئر رمضان بٹ کی زیر صدارت ای کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس میں صارفین کی شکایات اور مسائل تفصیل سے سنے گئے۔ ای کچہری کے دوران سی ای او لیسکو  نے موصول ہونے والی شکایات پر متعلقہ افسران کو فوری ازالے کی ہدایات جاری کیں، اجلاس میں عیدالاضحیٰ کے دوران صارفین کو بلا تعطل بجلی فراہمی یقینی بنانے کیلئے انتظامات اور حکمت عملی کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ لیسکو حکام کے مطابق صارفین کی سہولت اور شکایات کے بروقت حل کیلئے تمام کمپلینٹ سیلز کو فعال کر دیا گیا ہے تاکہ عید کے دنوں میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔ ای کچہری میں لیسکو کے اعلیٰ افسران شریک ہوئے جبکہ تمام سپرنٹنڈنگ انجینئرز اور ڈپٹی کمرشل منیجرز  نے آن لائن اجلاس میں شرکت کی، اس موقع پر سی ای او لیسکو انجینئر رمضان بٹ نے کہا کہ صارفین کے مسائل کے فوری، مؤثر اور شفاف حل کیلئے اقدامات مسلسل جاری ہیں۔