ہر آدمی ٹیکس چور ہے، تاجروں سے کوئی محاصل نہیں لے سکتا: شبر زیدی
05-21-2026
(لاہور نیوز) سابق چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے کہا ہے کہ پاکستان میں ہر آدمی ٹیکس چور ہے، تاجروں سے کوئی ٹیکس نہیں لے سکتا، خواہ کوئی جنرل مشرف ہو یا کوئی اور مائی کا لال ہو۔
سابق چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے نجی یونیورسٹی میں منعقدہ پری بجٹ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری اسلام آباد سے جان چھڑوا دیں تو سارے مسئلے حل ہو جائیں گے، کوئی بھی حکمران ہو کسی بھی بازار میں جائے اور ٹیکس لینے کیلئے داخل ہو کر دکھا دے، اگر ایسا ہوا تو خود کشی کر لوں گا۔ سابق چیئرمین ایف بی آر کا کہنا تھا کہ موجودہ بجٹ میں 25 فیصد سپر ٹیکس لیا جا رہا ہے، جبکہ دنیا میں اوسط ٹیکس شرح 26 فیصد ہے لیکن پاکستان میں مجموعی طور پر 51 فیصد تک ٹیکس وصول کیا جاتا ہے، پھر بھی ملک کا موازنہ بھارت اور بنگلہ دیش سے کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 11 کھرب روپے سرکولیشن میں ہیں جبکہ بعض بینک اور مالیاتی ادارے بھی ٹیکس چوری میں ملوث ہیں، ناکام ریاست ٹیکس وصول کرنے میں ناکام ہو گئی ہے اور ملک میں نااہلی ہی بنیادی مسئلہ ہے، پرویز مشرف ہو بانی پی ٹی آئی ہو شہباز شریف ہو یا شوکت عزیز وہ ریاست کو نہیں چلا سکے۔ شبر زیدی نے بتایا کہ گزشتہ بجٹ میں 14 ہزار ارب روپے کی ٹیکس وصولیاں ہوئیں، بانی پی ٹی آئی نے اپنے دور حکومت میں دو ہزار ارب روپے اضافی ریونیو کی بات کی تھی مگر انہیں انکار کر دیا گیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں صرف 300 کمپنیاں باقاعدگی سے ٹیکس دیتی ہیں جبکہ وہ خود 95 فیصد کمپنیوں کے ایڈوائزر رہ چکے ہیں، پاکستان کی معاشی ڈکشنری سے ریفارمز اور پالیسی جیسے الفاظ حذف کر دینے چاہئیں۔ علاقائی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایران، امریکہ اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی یا جنگ کے خاتمے سے پاکستان کو فائدہ ہو سکتا ہے، بشرطیکہ ملک اپنی مارکیٹنگ اور معاشی حکمت عملی بہتر بنائے۔