ایک ہفتے میں تمام ڈبل سورس کنکشنز ختم کرنے کا حکم
05-21-2026
(ویب ڈیسک) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے شہر بھر میں خطرناک اور غیر قانونی ڈبل سورس کنکشنز کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کرتے ہوئے ایک ہفتے کے اندر تمام ایسے کنکشنز ختم کرنے کا حکم جاری کر دیا۔
لیسکو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ سرکاری رہائش گاہوں سمیت نجی آبادیوں میں موجود تمام ڈبل سورس کنکشنز فوری طور پر ختم کئے جائیں، کیونکہ یہ کنکشن انسانی جانوں کیلئے سنگین خطرہ بن رہے ہیں۔ لیسکو حکام کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں لاہور کے علاقے مصطفیٰ آباد میں ایک ڈبل سورس کنکشن کے باعث لائن مین حادثے کا شکار ہوا، جس کے بعد ادارے نے اس معاملے پر سخت مؤقف اختیار کیا ہے۔ حکام کے مطابق آئندہ اگر کسی ڈبل سورس کنکشن کی وجہ سے جانی نقصان ہوا تو متعلقہ ایکسیئن اور ایس ڈی او کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جس میں نوکری سے برخاستگی بھی شامل ہو سکتی ہے۔ لیسکو انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ کوئی بااثر شخصیت یا سرکاری افسر بھی غیر قانونی ڈبل سورس کنکشن استعمال نہیں کر سکے گا، تاہم حساس مقامات جیسے ہسپتال، گورنر ہاؤس اور وزیرِ اعلیٰ ہاؤس کو خودمختار فیڈرز کے تحت محدود ڈبل سورس کی اجازت حاصل ہو گی۔