لاہور ایئرپورٹ پر آپریشنل مسائل، متعدد پروازیں منسوخ، کئی تاخیر کا شکار
05-21-2026
(لاہور نیوز) آپریشنل وجوہات کے باعث علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور پر ملکی و غیر ملکی پروازوں کا شیڈول شدید متاثر ہو گیا، جس کے باعث متعدد پروازیں منسوخ جبکہ کئی تاخیر کا شکار ہو گئیں۔
ذرائع کے مطابق فلائی دبئی کی لاہور سے دبئی جانے والی پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں، جبکہ ایئر بلیو کی لاہور سے دبئی کی پرواز بھی روانہ نہ ہو سکی۔ اسی طرح فلائی جناح کی لاہور سے کراچی جانے والی دوپہر ایک بجے کی پرواز بھی منسوخ کر دی گئی۔ سعودیہ ایئر لائن کی لاہور سے جدہ شام 6 بج کر 5 منٹ والی پرواز بھی منسوخ کر دی گئی، جبکہ پی آئی اے کی لاہور سے کراچی جانے والی پرواز تین گھنٹے 45 منٹ تاخیر کا شکار ہے۔ علاوہ ازیں سعودیہ ایئر لائن کی لاہور سے ریاض جانے والی پرواز اور فلائی جناح کی کراچی جانے والی ایک اور پرواز میں بھی تاخیر رپورٹ ہوئی ہے۔ ایئر بلیو کی لاہور سے دمام جانے والی پرواز بھی مقررہ وقت پر روانہ نہ ہو سکی۔ پروازوں کی منسوخی اور تاخیر کے باعث ائیرپورٹ پر مسافروں کا رش بڑھ گیا ہے اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ائیرپورٹ انتظامیہ نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ روانگی سے قبل اپنی متعلقہ ایئر لائن سے پرواز کی تازہ صورتحال ضرور معلوم کریں۔