اقوامِ متحدہ میں پاکستان کی فٹبال سازی کو عالمی خراجِ تحسین

05-21-2026

(ویب ڈیسک) دنیا کے مقبول ترین کھیل فٹ بال میں پاکستان کی دیرینہ اور نمایاں خدمات کو آج اقوامِ متحدہ میں بھرپور انداز میں اجاگر کیا گیا۔

پاکستان کے مستقل مندوب سفیرعاصم افتخار احمد نے عالمی یومِ فٹبال 2026 اور فیفا ورلڈ کپ کے سلسلے میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب کے دوران اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کی صدر محترمہ اینالینا بیئربوک کو پاکستان میں تیار کردہ ایڈیڈاس “ٹرائیوناڈو” فٹبال پیش کی۔ اس موقع پر پاکستان کے عالمی معیار کے فٹبال تیار کرنے والے ملک کے طور پر بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ کردار کو اجاگر کیا گیا، جبکہ بالخصوص سیالکوٹ کے ہنرمند کاریگروں کی مہارت کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا، جو دنیا کے بڑے کھیلوں کے مقابلوں کے لیے اعلیٰ معیار کی فٹبالیں تیار کرتے آرہے ہیں۔ اس موقع پر نیویارک میں اقوامِ متحدہ کے ہیڈکوارٹرز کے تاریخی نارتھ لان میں دوستانہ فٹبال میچز بھی منعقد ہوئے، جن میں سفارتکاروں، سابق فٹبال کھلاڑیوں اور اقوامِ متحدہ کے عملے نے شرکت کی۔ یہ تقریب دوستی، اتحاد اور کھیل کے جذبے کی بھرپور عکاس تھی۔ شرکاء نے علاقائی ٹیموں کی صورت میں مقابلوں میں حصہ لیا اور قومی و جغرافیائی اختلافات سے بالاتر ہو کر “خوبصورت کھیل” کی یکجہتی پیدا کرنے والی قوت کا جشن منایا۔ سفیر عاصم افتخار احمد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں کہا کہ “یہ پاکستان کے لیے انتہائی فخر کی بات ہے کہ ہمارے باصلاحیت مزدوروں اور ہنرمند کاریگروں کے تیار کردہ فٹبال عالمی کھیلوں کے اعلیٰ ترین مقابلوں میں نمایاں مقام رکھتے ہیں۔ پاکستان کی فٹبال سازی کی صنعت نہ صرف غیرمعمولی مہارت اور معیار کی عکاس ہے بلکہ ہمارے لوگوں کی محنت، عزم اور فنی صلاحیتوں کی بھی مظہر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیالکوٹ میں عالمی معیار کی فٹبالوں کی تیاری کے ذریعے پاکستان کھیلوں، دوستی اور عالمی یکجہتی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتا آرہا ہے۔ اقوامِ متحدہ میں آج کی یہ تقریب اس بات کا عملی اظہار تھی کہ فٹبال مختلف ثقافتوں اور اقوام کے لوگوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے کی غیرمعمولی صلاحیت رکھتا ہے۔ سفیرعاصم افتخار احمد نے پاکستان کے فٹبال سازوں کو ملک کے عالمی تشخص کو اجاگر کرنے میں ان کی دیرینہ خدمات پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے فٹبال سازوں پر بے حد فخر کرتے ہیں، جو اپنی غیرمعمولی مہارت اور فٹبال سازی کے فن میں اعلیٰ معیار کے ذریعے ملک کے لیے مسلسل اعزاز کا باعث بن رہے ہیں۔ یہ تقریب کھیلوں کو امن، شمولیت، یکجہتی اور بین الاقوامی تعاون کے فروغ کے ایک مؤثر ذریعہ کے طور پر اجاگر کرنے کے لیے اقوامِ متحدہ کی وسیع تر کوششوں کا حصہ تھی۔