جیب تراشی اور گداگری کے گٹھ جوڑ کو توڑنے کیلئے لاہور پولیس متحرک
05-21-2026
(لاہور نیوز) لاہور پولیس نے جیب تراشی، اسٹریٹ کرائم اور گداگری کے گٹھ جوڑ کو توڑنے کیلئے پیشہ ور بھکاریوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کر دیا۔
ترجمان لاہور پولیس کے مطابق رواں سال کے دوران اب تک 588 پیشہ ور گداگروں کو گرفتار کرکے ان کے خلاف 586 مقدمات درج کئے جا چکے ہیں، گرفتار افراد میں 582 مرد جبکہ 6 خواتین شامل ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق ماڈل ٹاؤن ڈویژن سے 157، اقبال ٹاؤن سے 106 اور سٹی ڈویژن سے 107 پیشہ ور گداگر گرفتار کئے گئے، پولیس کا کہنا ہے کہ بھکاریوں کے روپ میں چھپے جرائم پیشہ عناصر شہریوں کو جیب تراشی اور اسٹریٹ کرائم کا نشانہ بناتے ہیں، جن کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔ سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ گداگروں کے منظم نیٹ ورک کے خاتمے کیلئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کئے جا رہے ہیں، معذوروں کا روپ دھارنے والے بہروپیوں اور پیشہ ور بھکاریوں کو قانون کی گرفت میں لایا جا رہا ہے۔ سی سی پی او لاہور نے معصوم بچوں سے بھیک منگوانے والے گداگر مافیا کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے فیلڈ افسران کو ہدایت کی ہے کہ گداگری کے خاتمے کیلئے کارروائیوں کی رپورٹس باقاعدگی سے جمع کروائی جائیں۔ بلال صدیق کمیانہ نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ پیشہ ور بھکاریوں اور بہروپیوں کی حوصلہ شکنی کریں اور گداگر مافیا یا بچوں سے بھیک منگوانے والے عناصر کی فوری اطلاع پولیس ہیلپ لائن 15 پر دیں۔