پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ، تاجر برادری کا احتجاج کا اعلان

05-21-2026

(ویب ڈیسک) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے خلاف تاجر برادری میدان میں آ گئی۔

پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے، بڑھتے کاروباری اخراجات اور مہنگائی کے خلاف تاجر برادری کا صبر جواب دے گیا، جس کے بعد تاجروں  نے جمعہ کے روز صدر کے علاقے میں احتجاجی مظاہرے کا اعلان کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر تاجر تنظیموں  نے شدید ردعمل دیتے ہوئے حکومت سے فوری طور پر قیمتیں واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے، تاجروں کا کہنا ہے کہ مہنگے ایندھن  نے کاروباری سرگرمیوں، ٹرانسپورٹ اور صنعتی شعبے کو شدید متاثر کیا ہے۔ جنرل سیکریٹری کوآپریٹو مارکیٹ اسلم خان نے کہا ہے کہ 22 مئی کو جہانگیر پارک کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا، جس میں تاجر برادری بڑی تعداد میں شرکت کرے گی، حکومت فوری طور پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس  لے۔ تاجر رہنما ناصر مکانی نے کہا کہ پٹرول اور ڈیزل پر عائد بھاری لیوی عوام پر ظلم کے مترادف ہے، بڑھتی مہنگائی  نے نہ صرف عام آدمی بلکہ تاجروں اور صنعتکاروں کو بھی شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔ تاجر برادری نے اعلان کیا ہے کہ وہ عوام کے ساتھ مل کر مہنگائی اور بڑھتی ہوئی پٹرولیم قیمتوں کے خلاف بھرپور آواز بلند کرے گی۔