نئے ججز انصاف کی فراہمی میں غیر جانبداری یقینی بنائیں، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ

05-21-2026

(محمد اشفاق) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مس عالیہ نیلم نے کہا ہے کہ انصاف کی فراہمی ایک مقدس ذمہ داری ہے اور نئے سول ججوں کو اپنی پیشہ ورانہ زندگی میں دیانت، غیر جانبداری اور قانون کی بالادستی کو مقدم رکھنا ہو گا۔

پنجاب جوڈیشل اکیڈمی میں نئے بھرتی ہونے والے سول ججوں کی حلف برداری تقریب کا انعقاد ہوا، رجسٹرار ہائیکورٹ نے حلف لیا، تقریب میں چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مس عالیہ نیلم  نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ ڈی جی جوڈیشل اکیڈمی جسٹس ریٹائرڈ سردار احمد نعیم سمیت دیگر  نے شرکت بھی کی، تقریب سے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مس عالیہ نیلم  نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انصاف کی فراہمی ایک مقدس ذمہ داری ہے اور نئے سول ججوں کو اپنی پیشہ ورانہ زندگی میں دیانت، غیر جانبداری اور قانون کی بالادستی کو مقدم رکھنا ہو گا، انہوں  نے کہا کہ عوام کی عدالتوں سے توقعات وابستہ ہیں، اس لئے ججوں کو چاہئے کہ وہ فوری اور شفاف انصاف کی فراہمی یقینی بنائیں۔ چیف جسٹس مس عالیہ نیلم  نے کہا کہ عدلیہ پر عوامی اعتماد ججز کے کردار، رویے اور فیصلوں سے مضبوط ہوتا ہے، انہوں  نے نئے ججوں پر زور دیا کہ وہ آئین و قانون کے مطابق فیصلے کریں اور کسی دباؤ یا خوف کو اپنے فرائض کی انجام دہی میں حائل نہ ہونے دیں، جدید تقاضوں کے مطابق عدالتی نظام میں اصلاحات اور ٹیکنالوجی کا استعمال وقت کی ضرورت ہے،  پنجاب جوڈیشل اکیڈمی نئے ججوں کی تربیت میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ تقریب کے اختتام پر نئے سول ججوں نے اپنے فرائض ایمانداری اور ذمہ داری سے انجام دینے کے عزم کا اظہار کیا، تقریب میں عدالتی افسران، سینئر ججز اور جوڈیشل اکیڈمی کے حکام  نے شرکت کی۔