جعلی سموں کے ذریعے بینک فراڈ بے نقاب، 3 ملزمان گرفتار
05-20-2026
(لاہور نیوز) جعلی سموں کے ذریعے شہریوں کے بینک اکاؤنٹس سے رقوم چوری کرنے والے منظم گروہ کا انکشاف ہوا ہے۔
ترجمان کے مطابق نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے ایک بینکر سمیت تین ملزمان کو گرفتار کر لیا، کارروائی ڈائریکٹر این سی سی آئی اے پنجاب محمد علی وسیم کی ہدایت پر کی گئی، گرفتار ملزمان میں محمد طیب، محمد عمر اور ایک نجی بینک کا سہولت کار عاطف شامل ہیں۔ تحقیقات کے مطابق ملزمان شہریوں کے شناختی کوائف حاصل کر کے غیر قانونی ملٹی فنگر پرنٹ بائیومیٹرک سسٹم کے ذریعے جعلی اور ڈپلیکیٹ سمیں جاری کرواتے تھے، بعد ازاں انہی نمبروں کے ذریعے متاثرین کے آن لائن بینکنگ اکاؤنٹس تک رسائی حاصل کر کے لاکھوں روپے مختلف اکاؤنٹس میں منتقل کئے جاتے تھے۔ این سی سی آئی اے لاہور نے مقدمہ نمبر 61/2026 درج کرتے ہوئے کارروائی کے دوران دو موبائل فونز اور 11 سمیں بھی برآمد کر لیں، مقدمہ پیکا ایکٹ 2016 ترمیمی 2025 سمیت تعزیراتِ پاکستان کی مختلف دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔ تفتیشی افسر نجم باجوہ کے مطابق ملزمان جدید سائبر فراڈ کے ذریعے شہریوں کی مالی معلومات چوری کرنے میں ملوث تھے اور متعدد متاثرین سے بھاری رقوم ہتھیانے کے شواہد بھی حاصل ہوئے ہیں۔