کاہنہ : نوجوان لڑکی کے اندھے قتل کا ڈراپ سین،شوہر ہی قاتل نکلا
05-20-2026
(لاہور نیوز) کاہنہ کے علاقے میں نوجوان لڑکی مہروش بی بی کے اندھے قتل کا معمہ حل ہو گیا جبکہ مقتولہ کا شوہر ہی قاتل نکلا۔
پولیس کے مطابق ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کی ہدایت کی تھی، جس کے بعد ایس پی انویسٹی گیشن ماڈل ٹاؤن کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی۔ انچارج انویسٹی گیشن کاہنہ پولیس سٹیشن نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ ایس پی انویسٹی گیشن کے مطابق ملزم نے گھریلو ناچاقی کی بنا پر اپنی بیوی کو منہ پر تکیہ رکھ کر قتل کیا۔ بعد ازاں ملزم نے لاش کو موٹرسائیکل پر رکھ کر روہی نالہ میں پھینک دیا۔ پولیس حکام کے مطابق ملزم نے واردات کے بعد اپنی بیوی کے اغواء کا ڈرامہ بھی رچایا اور متعلقہ تھانے میں نامعلوم افراد کے خلاف اغواء کا مقدمہ درج کروایا۔ ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید نے کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کیلئے تعریفی اسناد کا اعلان کیا ہے۔