سرکاری نرخ نظر انداز، سبزیوں کی من مانی قیمتوں پر فروخت

05-20-2026

(لاہور نیوز)شہر میں اوپن مارکیٹ میں سرکاری نرخوں پر عملدرآمد نہ ہو سکا جبکہ دکاندار من مانے داموں پر سبزیاں فروخت کرنے میں مصروف ہیں۔ شہریوں نے سبزیوں کی بڑھتی قیمتوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق پیاز کی سرکاری قیمت 60 روپے فی کلو مقرر ہے تاہم اوپن مارکیٹ میں پیاز 80 روپے فی کلو فروخت کیا جا رہا ہے۔ اسی طرح ادرک 320 روپے فی کلو میں دستیاب ہے۔ ٹماٹر 50 سے 70 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہے ہیں جبکہ دیسی لہسن کی سرکاری قیمت 130 روپے فی کلو ہونے کے باوجود بازار میں 200 روپے فی کلو میں فروخت کیا جا رہا ہے۔ چائنہ لہسن کی سرکاری قیمت 470 روپے مقرر کی گئی ہے لیکن اوپن مارکیٹ میں اس کی قیمت 550 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔ بینگن کی سرکاری قیمت 70 روپے فی کلو ہے تاہم بازار میں یہ 100 روپے فی کلو میں دستیاب ہے۔ اسی طرح ٹینڈے 120 روپے جبکہ بھنڈی 130 روپے فی کلو میں فروخت کی جا رہی ہے۔