حوالہ ہنڈی اورجعلی مصنوعات فروخت کرنے میں ملوث4 ملزمان گرفتار

05-20-2026

(لاہور نیوز) فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) لاہور زون کے کارپوریٹ کرائم سرکل نے مختلف چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران حوالہ ہنڈی اور کاپی رائٹ ایکٹ کی خلاف ورزی میں ملوث 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان میں قاسم یار اکبر، طارق آفتاب، محمد کامران اور شیراز وسیم شامل ہیں۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزم قاسم یار اکبر غیر قانونی حوالہ ہنڈی اور کرنسی ایکسچینج کے کاروبار میں ملوث پایا گیا، جس کے قبضے سے 65 لاکھ روپے نقد رقم برآمد کی گئی۔ ملزم سے حوالہ ہنڈی سے متعلق اہم دستاویزی اور ڈیجیٹل شواہد بھی حاصل کر لیے گئے ہیں۔ دوسری جانب ملزمان طارق آفتاب، محمد کامران اور شیراز وسیم معروف رجسٹرڈ کمپنیوں کی جعلی مصنوعات ذخیرہ کرنے اور فروخت کرنے میں ملوث پائے گئے۔ کارروائی کے دوران بھاری تعداد میں جعلی مصنوعات برآمد کر لی گئیں۔ ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے خلاف مزید تفتیش جاری ہے۔