سی سی پی او کا خواتین اور بچوں سے متعلق مقدمات ترجیحی بنیادوں پر نمٹانے کا حکم

05-20-2026

(لاہور نیوز) سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے خواتین اور بچوں سے متعلق مقدمات ترجیحی بنیادوں پر نمٹانے کا حکم دے دیا۔

سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کی زیر صدارت کیپٹل سٹی پولیس ہیڈکوارٹرز میں اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں خواتین اور بچوں سے متعلق زیر تفتیش مقدمات میں پیش رفت اور کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سی سی پی او لاہور  نے خواتین اور بچوں سے متعلق مقدمات کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کے خلاف جرائم پر فوری مقدمات درج کر کے میرٹ پر تفتیش یقینی بنائی جائے۔ بلال صدیق کمیانہ  نے ہدایت کی کہ سپروائزری افسران تفتیشی عملے کی کارکردگی کا باقاعدگی سے جائزہ لیں اور مقدمات کی کوالٹی انویسٹی گیشن کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، لاہور پولیس خواتین، بچوں اور معاشرے کے بے وسیلہ طبقات کے تحفظ کی پالیسی پر مکمل طور پر کاربند ہے۔ سی سی پی او لاہور کا کہنا تھا کہ انویسٹی گیشن ونگ حصولِ انصاف میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے، لہٰذا تمام افسران مقدمات کو میرٹ پر نمٹا کر مظلوم شہریوں کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائیں۔