مویشی منڈیوں، بیوپاریوں کی سکیورٹی کیلئے سیف سٹی کیمروں اور ڈرونز کے ذریعے نگرانی
05-20-2026
(لاہور نیوز) پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر لاہور سمیت پنجاب بھر کی مویشی منڈیوں کیلئے خصوصی سرویلنس پلان نافذ کر دیا۔
ترجمان سیف سٹی کے مطابق مویشی منڈیوں اور بیوپاریوں کی سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے سیف سٹی کیمروں اور ڈرونز کے ذریعے نگرانی کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے ہیڈ کوارٹرز میں مویشی منڈیوں اور گردونواح کی 24 گھنٹے ورچوئل پٹرولنگ جاری ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ مویشی منڈیوں میں اضافی پورٹ ایبل 4G کیمروں کی تنصیب بھی کی جا رہی ہے تاکہ سکیورٹی مانیٹرنگ کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔ سیف سٹی حکام کے مطابق کسی بھی مشکوک سرگرمی کی نشاندہی پر فیلڈ فورس کو فوری الرٹ جاری کیا جا رہا ہے جبکہ ڈرونز کے ذریعے مویشی منڈیوں کے اطراف ٹریفک انتظامات کی بھی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ عیدالاضحیٰ کے دوران شہریوں، بیوپاریوں اور خریداروں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔