مریم نواز کے ویژن کی بدولت پنجاب دنیا میں اپنی منفرد پہچان بنا چکا ہے:عظمیٰ بخاری
05-19-2026
(لاہور نیوز) پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ورلڈ اربن فورم پر پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے پنجاب حکومت کے ترقیاتی منصوبوں کو عالمی سطح پر اجاگر کیا۔
اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ ورلڈ اربن فورم کے شرکاء نے مریم نواز کی دو سالہ کارکردگی پر انتہائی مسرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے فورم کے شرکاء کو اپنی حکومت کے تاریخی منصوبوں سے آگاہ کیا۔ وزیر اطلاعات کے مطابق “اپنی چھت اپنا گھر”، “ستھرا پنجاب”، “ماڈل ویلج” اور “صاف پانی” جیسے منصوبوں کو فورم میں بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے عالمی توجہ حاصل کرنے والے منصوبوں کی تکمیل باعثِ فخر ہے۔ عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ مریم نواز کے ویژن کی بدولت پنجاب دنیا کے کئی ممالک میں اپنی منفرد پہچان بنا چکا ہے اور صوبے میں عالمی معیار کے ترقیاتی ماڈل متعارف کروائے گئے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ کم ترین عرصے میں سب سے زیادہ منصوبے مکمل کرنے کا اعزاز بھی مریم نواز کو حاصل ہوا ہے جبکہ پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں کا معیار ہی ورلڈ فورم پر اصل پہچان بنا۔