پنجاب میں قابلِ ٹیکس پراپرٹیز کی تعداد 54 لاکھ سے تجاوز
05-19-2026
(لاہور نیوز) پنجاب میں قابلِ ٹیکس پراپرٹیز کی تعداد 54 لاکھ سے تجاوز کر گئی، 6 لاکھ نئی پراپرٹیز کو ٹیکس نیٹ میں شامل کیا گیا۔
محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے مطابق پراپرٹی ٹیکس کا نیا تعین ڈی سی ریٹ کی بنیاد پر کیا جا رہا ہے جبکہ رینٹل ویلیو کے بجائے اب ڈی سی ریٹ کے مطابق وصولی کی جائے گی۔ پالیسی کے مطابق 50 لاکھ روپے تک مالیت کی پراپرٹی کو ٹیکس سے استثنیٰ حاصل ہے، جبکہ بیوہ خواتین کیلئے پراپرٹی ٹیکس میں چھوٹ بھی برقرار رکھی گئی ہے۔ حکام کے مطابق پنجاب میں پراپرٹی ٹیکس کا ہدف 26 ارب روپے مقرر کیا گیا ہے، محکمہ ایکسائز نے ٹیکس نیٹ کو مزید وسعت دینے کیلئے اقدامات تیز کر دیئے ہیں۔ ڈی جی ایکسائز عمر شیر چٹھہ کے مطابق نئی پالیسی کے تحت ٹیکس وصولیوں میں اضافے کی توقع ہے جبکہ غیر رجسٹرڈ پراپرٹیز کی نشاندہی کا عمل بھی تیزی سے جاری ہے، رواں سال 6 لاکھ نئی پراپرٹیز کو سسٹم میں لانے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا۔