وزٹنگ فیکلٹی کیلئے شفاف سلیکشن اور کنٹریکٹ کی شرط عائد
05-19-2026
(لاہور نیوز) ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے ملک کی جامعات میں وزٹنگ فیکلٹی سے متعلق نئی جامع گائیڈ لائنز جاری کر دی ہیں۔
نئی ہدایات کے مطابق وزٹنگ فیکلٹی کیلئے کم از کم اہلیت اور متعلقہ فیکلٹی رینک کے معیار کو پورا کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے، جامعات میں وزٹنگ فیکلٹی کی حد 25 فیصد مقرر کر دی گئی ہے جبکہ کور کریڈٹ آورز میں بھی اسی حد یعنی 25 فیصد کی پابندی ہو گی۔ ایچ ای سی کے مطابق وزٹنگ فیکلٹی کی بھرتی کیلئے باقاعدہ اشتہار دینا ضروری ہو گا اور شفاف سلیکشن کے بعد کنٹریکٹ کیا جائے گا، وزٹنگ اساتذہ کو صرف تدریسی امور تک محدود رکھا جائے گا جبکہ انتظامی اور قانونی عہدے دینے پر مکمل پابندی ہو گی۔ نئی پالیسی کے تحت جامعات میں وزٹنگ فیکلٹی کیلئے اورینٹیشن لازمی قرار دی گئی ہے جس میں ادارہ جاتی پالیسی اور اخلاقی ضوابط سے آگاہی دی جائے گی، اس کے علاوہ کارکردگی جانچ کیلئے فیڈبیک اور مانیٹرنگ سسٹم بھی متعارف کرایا گیا ہے۔ چیئرمین ایچ ای سی کے مطابق وزٹنگ فیکلٹی کے کنٹریکٹس کی تجدید کارکردگی سے مشروط ہو گی، یہ نئی گائیڈ لائنز 126 جامعات سے مشاورت کے بعد تیار کی گئی ہیں اور انہیں ایچ ای سی آرڈیننس 2002 کے تحت جاری کیا گیا ہے۔