انسدادِ پولیو مہم کا دوسرا روز، ورکرز شدید گرمی میں گھر گھر متحرک

05-19-2026

(لاہور نیوز) پنجاب کے مختلف اضلاع میں جاری انسدادِ پولیو کی خصوصی مہم دوسرے روز بھی بھرپور انداز میں جاری ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق مہم  کے پہلے روز صوبہ بھر میں 17 لاکھ 8 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے، پنجاب کے مخصوص 10 اضلاع میں 18 تا 24 مئی جاری رہنے والی اس مہم کے دوران 61 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو ویکسین دی جا رہی ہے۔ انسدادِ پولیو پروگرام کے سربراہ عدیل تصور  نے کہا ہے کہ ہزاروں پولیو ورکرز شدید گرمی کے باوجود گھر گھر جا کر بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے محفوظ بنانے کے مشن میں مصروف ہیں، پولیو ایک لاعلاج بیماری ہے جو بچوں میں مستقل معذوری کا سبب بن سکتی ہے، اس لئے ہر بچے کو حفاظتی قطرے پلانا انتہائی ضروری ہے۔ عدیل تصور  نے والدین سے اپیل کی کہ جب پولیو ٹیمیں ان کے گھروں پر آئیں تو ان کے ساتھ تعاون اور خوش اخلاقی کا مظاہرہ کریں تاکہ مہم کامیابی سے مکمل ہو سکے، پانچ سال تک کے ہر بچے کو ہر پولیو مہم کے دوران پولیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی پلائے جائیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ نقل مکانی کرنے والے اور موبائل خاندانوں کے بچوں تک رسائی کیلئے خصوصی اقدامات کئے جا رہے ہیں تاکہ کوئی بھی بچہ پولیو ویکسین سے محروم نہ رہ جائے۔