مزنگ: خاتون کے ساتھ ہاتھا پائی کرنے پر ٹریفک وارڈن معطل
05-19-2026
: مزنگ کے علاقے میں ون وے ٹریفک کی خلاف ورزی پر روکے جانے کے بعد ٹریفک وارڈن اور ایک خاتون کے درمیان تلخ کلامی اور ہاتھا پائی کا واقعہ پیش آیا۔
ٹریفک پولیس کے مطابق موٹرسائیکل سوار کو ون وے کی خلاف ورزی پر روکا گیا، جس نے چالان کے عمل کے دوران اپنا ڈرائیونگ لائسنس وارڈن کے حوالے کیا۔ اسی دوران موٹرسائیکل سوار کے ساتھ موجود خاتون نے وارڈن سے لائسنس چھیننے کی کوشش کی۔ حکام کے مطابق صورتحال کشیدہ ہونے پر وارڈن کی جانب سے خاتون کو پیچھے ہٹانے کی کوشش کی گئی، جس کے بعد دونوں کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔ واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے وارڈن کے نامناسب رویے پر اسے فوری طور پر معطل کر دیا ہے۔ سی ٹی او لاہور نے واضح کیا ہے کہ بدتمیزی، مس کنڈکٹ اور کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور محکمہ میں شفافیت اور شہریوں کے ساتھ بہتر رویے کو یقینی بنایا جائے گا۔